امریکا:رفتار کی حد’17.3‘ میل فی گھنٹہ! لیکن کیوں
نیو یارک(نیٹ نیوز)امریکا میں ایک ری سائیکلنگ سینٹر کے باہر لگایا گیا نیا سپیڈ لمٹ سائن اپنی عجیب و غریب حد (17.3 میل فی گھنٹہ) کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔
ایپلٹن میں واقع آؤٹاگیمی کاؤنٹی ریسائیکلنگ اینڈ سالِڈ ویسٹ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ سینٹر کے اندر نئی رفتار کی حد 17.3 میل فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے ۔پوسٹ میں کہا کہ 17.3 ہی کیوں؟ کیونکہ یہ آپ کو چونکاتا ہے ، آپ کو دوبارہ دیکھنے پر مجبور کرتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ اس ‘آٹو پائلٹ’ موڈ کو ختم کر دیتا ہے جس میں ہم اکثر مانوس راستوں پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے چلے جاتے ہیں۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ہمارے سینٹر میں روزانہ ٹرک ڈرائیورز، کنٹریکٹرز اور عام شہری آتے جاتے ہیں۔ اتنی زیادہ سرگرمی کے درمیان ہر کسی کا ہوشیار رہنا ہی سب کی حفاظت کی ضمانت ہے ۔