کراچی: لاکھوں روپے مالیت کے سمگل شدہ سگریٹس اور انڈین گٹکا برآمد
سگریٹس مقامی سطح پر تیار کر کے غیر ملکی لیبل لگائے گئے ، ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی گئی ،ایڈیشنل کمشنر ریجنل ٹیکس آفس
کراچی (بزنس رپورٹر) ایف بی آر کے تحت ملک بھر میں غیر قانونی اور سمگل شدہ سامان خصوصاً غیر قانونی سگریٹس کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، ایف بی آر نے خفیہ اطلاعات پر حیدرآباد میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے سمگل شدہ غیر قانونی سگریٹس اور انڈین گٹکا برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل کمشنر ریجنل ٹیکس آفس شمیم مرتضیٰ نے 2اسسٹنٹ کمشنر ز اور دیگر ٹیم کے ہمراہ حیدرآباد کی ٹاور مارکیٹ کے ایک گودام میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز سمیت دیگر برانڈز کے غیر قانونی سگریٹس اور انڈین گٹکے کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ شمیم مرتضیٰ کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جبکہ قبضے میں لیے گئے سگریٹس اور گٹکے کی مالیت 20سے 25لاکھ روپے ہے ۔شمیم مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ہیلتھ وارننگ نہ ہونے کے باعث سگریٹس قبضے میں لیے گئے ہیں، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سگریٹس مقامی سطح پر تیارگئے ہیں اور ان پر غیر ملکی لیبل لگائے گئے ہیں جبکہ ان کی تیاری میں کسی بھی قسم کے ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے ۔