انڈر 19 ایشیا کپ ،پاکستان ،بھارت فائنل میں آمنے سامنے
انڈر 19 ایشیا کپ ،پاکستان ،بھارت فائنل میں آمنے سامنے گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے ہرایا،بھارت نے افغانستان کو شکست دی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں اسکا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہو گا۔پہلے سیمی فائنل میں گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔ بنگلہ دیش نے ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 31.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عبداﷲ المعہی نے 50 رنز کی اننگز کھیلی تاہم پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو بڑا سکور بنانے سے روک دیا۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اﷲ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 8 اوورز میں30 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد صیام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت قائم کرکے میچ کو یکطرفہ بنادیا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 21.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر بھارت نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ایونٹ کی دوسری فائنلسٹ ٹیم بھارت بن گئی جس کا فائنل میں پاکستان سے سامنا ہوگا۔ یہ میچ ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments