کرکٹ کی بہتری، محسن نقوی تمام فیصلوں سے مطمئن
میری ٹیم اچھا کام کررہی ، ان پر اعتماد ہے اور جو حکمت عملی بنائی گئی اسے جاری رکھاجائیگا،سلیکشن کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے امام الحق اور رضوان کے مستقبل کا فیصلہ این سی سی آئی اے حکام کرینگے ،سینٹرل کنٹریکٹس پر کام ہو رہا ہے ، جلد اس کا اعلان کردیا جائیگا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ امام الحق اور محمد رضوان کے مستقبل کا فیصلہ این سی سی آئی اے حکام کریں گے ۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے کیے جانے والے تمام فیصلوں سے مطمئن ہوں، میری ٹیم اچھا کام کررہی ہے ، ان پر اعتماد ہے اور جو حکمت عملی بنائی گئی ہے اسے جاری رکھاجائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے ، جو بھی فیصلے ہوں گے ان کو قبول کروں گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اکیڈمی کے ماسٹر پلان کے ڈیزائن کا کریڈٹ عاقب جاوید کو جاتا ہے جنہوں نے اسے ڈیزائننگ ٹیم کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے ۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کی ڈیڈ لائن 31 جنوری ہے اور یہ ایک مکمل سٹیٹ آف دی آرٹ اکیڈمی ہوگی جہاں ہر قسم کی ٹریننگ کی سہولت موجود ہوگی۔محسن نقوی نے بتایا کہ جدید بائیو میکینکس لیب کے لیے دنیا کی جدید ترین مشینری منگوائی جا رہی ہے ۔ اس لیب سے نہ صرف قومی کھلاڑیوں بلکہ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کے کھلاڑیوں کی تکنیک، موومنٹ اور خامیوں کا سائنسی ڈیٹا حاصل کیا جائے گا تاکہ ان کی اصلاح بروقت کی جا سکے ۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے 3 سے 6 ماہ دورانیے کے خصوصی تربیتی کیمپس منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان کیمپس کا مقصد صرف فٹنس نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی بنیادی تکنیکی خامیوں کو دور کرنا ہے تاکہ جب وہ قومی سکواڈ میں آئیں تو انہیں بنیادی چیزیں سیکھنے کے بجائے براہ راست کارکردگی دکھانے کا موقع ملے ۔محسن نقوی نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس پر کام ہو رہا ہے ، جلد اس کا اعلان کردیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments