راولپنڈی ٹیسٹ:چوتھا روز خراب روشنی،بارش کے باعث متاثر
پاکستان کے دوسری اننگز میں 1 وکٹ پر 57 رنز ،40.4 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی،میچ ڈرا کی جانب گامزن
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانیوالے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنا لئے ۔خراب روشنی اور بارش کے باعث سہ پہر تین بجے چوتھے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا،کھانے کے وقفے کے بعد خراب روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا تھا،اس وقت تک پاکستانی بیٹنگ میں 21.2 اوورز کا کھیل ہوا تھا جبکہ چوتھے روز مجموعی طور پر 40.4 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔پاکستان نے اس وقت تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنا لیئے تھے ،اوپنر اذان اویس 22 رنز اور محمد طحہ 24 رنز کیساتھ کریز پر موجود تھے ،محمد طیب عارف 11رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 45 رنز کی برتری حاصل کر رکھی ہے اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں،آج کھیل کا آخری روز ہے ،میچ ڈرا کی جانب گامزن ہو چکا ہے ۔سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو نے ایک وکٹ حاصل کی ۔اس سے پہلے سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments