وزیر اعظم نے کیسے کہہ دیا کہ اساتذہ کی الیکشن ڈیوٹیاں نہیں لگائی جائینگی : وفاقی حکومت سنجیدہ نظر نہیں آرہی، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ضرور ہونگے : چیف الیکشن کمشنر
عملہ کہاں سے لائیں، وزیراعظم ، حکومت کواحکامات دے سکتے ، حکومت ہدایات نہیں دے سکتی:سکندر سلطان،وزیراطلاعات نے ہیلی کاپٹر پر حلقے کادورہ کیا،2سال سزا ہو سکتی:سپیشل سیکرٹری چیف الیکشن کمشنر پارلیمانی سیکرٹری اسما عباسی کے مسکرانے پر برہم ، آپ کی اسمبلی نشست جا سکتی، توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری ہو سکتا، ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس میں ریمارکس
اسلام آباد (دنیا نیوز، این این آئی)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم اور حکومت کو احکامات جاری کر سکتا ہے ، حکومت الیکشن کمیشن کو ہدایات نہیں دے سکتی، وفاقی حکومت اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، واضح کر دوں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے ، وزیراعظم نے کیسے حکم دے دیا کہ ٹیچرز کی الیکشن ڈیوٹیز نہیں لگائی جائیں گی، الیکشن کمیشن کہاں سے عملہ لے کر آئے گا، وفاقی حکومت کے آرڈر کا سختی سے نوٹس لیتے ہیں، وفاقی حکومت اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سبوتاژ کرنا چاہتی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے گوجرانوالہ این اے 77 ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مرتب کر لی ہے، ڈی آر او، ڈی ایم او اور آر او رپورٹ پر تحریری جواب جمع کرائیں۔سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انتخابی مہم کے دوران ہیلی کاپٹر پر حلقے کا دورہ کیا اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا، وزیر اطلاعات نے الیکشن ایکٹ اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی،الیکشن کمیشن دو سال تک کی سزا سنا سکتا ہے ۔ وزیر اطلاعات کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟ عطا تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے بتایا کہ وزیر اطلاعات سرکاری غیر ملکی دورے پر ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے دورے میں صرف میڈیا کوریج ہی کرنی ہے اور کیا کرنا ہے۔
عطا تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے کہا عطا تارڑ ملک سے باہر ہیں، یہ سنجیدہ الزامات ہیں، کمیشن کی بہت عزت ہے۔ دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے اراکین پنجاب اسمبلی کی سرزنش کی اور پارلیمانی سیکرٹری صحت اسما عباسی کے مسکرانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا آپ کی اسمبلی کی نشست بھی جا سکتی ہے ، آپ کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری ہو سکتا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کیوں ہیلی کاپٹر پر دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے کہا وزیر اطلاعات نے کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کیا جو ہمارے تحت نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا آپ جائیں اور قانون پڑھ کر آئیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا آئندہ سماعت پر تمام فریق ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ الیکشن کمیشن نے سی پی او گوجرانوالہ کو بھی طلب کر لیا اور سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments