سسٹم تو سارے کا سارا ٹھیک ہونیوالا ہے، جہاں کرپشن ہے اسے تسلیم اور درست کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں وہ انہیں ملیں گے : نئے صوبوں پر ریفرنڈم کرالیں : محسن نقوی
عوام نئے صوبے نہیں چاہتے تو نہ بنائیں،تمام چیزیں ری سیٹ ہونی چاہئیں،اس پر میری اور بلاول کی رائے ایک جیسی، پی پی ، ن لیگ سمیت تمام جماعتیں اہم ،کوئی بھی فیصلہ اختلاف سے نہیں ہوگا صرف مولانا کو نہیں 6 ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے ،کرپشن کیخلاف کارروائی کو سیاسی انتقام نہ سمجھا جائے ، سی ڈی اے میں بے تحاشا کرپشن،تعلیم کے نام پر فراڈ کرنیوالا بین الاقوامی گینگ پکڑا :پریس کانفرنس
لاہور،اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا سسٹم تو سارے کا سارا ٹھیک ہونے والا ہے، جہاں کرپشن ہے اسے تسلیم کرنا اور درست کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں وہ انہیں ملیں گے، نئے صوبوں پر ریفرنڈم کر الیں، اگر عوام نہیں چاہتے تو میں بھی کہوں گا کہ صوبے نہ بنائیں۔ این سی سی آئی اے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاسیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے حوالے سے عوامی سروے دیکھ لیں، عوامی سروے نئے صوبوں کے حق میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کروا کر عوام کی رائے لے لیں۔ ہم سب جمہوریت اور عوام کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، اگر عوام صوبوں کے حق میں رائے دیں تو اسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کی اپنی مرضی ہے ، وہ عوام کی رائے لے لے یا اگر اس سے بہتر کوئی راستہ سمجھتی ہے تو وہ اختیار کرے ۔پیپلزپارٹی، ن لیگ سمیت تمام جماعتیں اہم ہیں، کوئی بھی فیصلہ اختلاف سے نہیں ہوگا، بلاول بھٹو نے کہا ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے ، میری ذاتی رائے ہے کہ تمام چیزیں ری سیٹ ہونی چاہئیں، میری اور بلاول بھٹو صاحب کی رائے ایک جیسی ہے ، انہوں نے کہا اگر کوئی کہہ رہا ہے کہ ملک میں کرپشن نہیں تو معذرت کے ساتھ کرپشن موجود ہے ، جہاں کرپشن ہے اسے تسلیم کرنا اور درست کرنا ہوگا۔سی ڈی اے میں بے تحاشا کرپشن ہے اور پورے پاکستان میں کرپشن ہو رہی ہے ، ملک سے کرپشن کو ختم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، کرپشن کے خلاف کارروائی کو سیاسی انتقام نہ سمجھا جائے ۔
ہم نے وزارت داخلہ میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی ہے ، لوگ نشاندہی کریں، ہم کرپٹ لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے ، اسلام آباد کی زمین پر جس بیدردی سے قبضہ کیا گیا ہے دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی، متاثرہ افراد کو قانونی چارہ جوئی کا پورا حق حاصل ہوگا۔سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا صرف مولانا کو نوٹس جاری نہیں ہوا بلکہ چھ ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا ایک دو دن سے افواہیں چل رہی ہیں کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہوسکتا ہے ، جو ان کا قانونی حق ہے اور عدالت سے جو انہیں ملے گا وہ ہی ملے گا، باقی ساری چیزیں اسی طرح ہیں،کوئی فرق نہیں ہے ۔وزیر داخلہ نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ کم وسائل اور آبادی کے مقابلے میں قلیل عملے کے باوجود ایجنسی نے ایک بڑا بین الاقوامی امتحانی فراڈ پکڑا ہے۔
اس گینگ نے غیر قانونی طریقوں سے تقریباً 5ہزار پاکستانیوں کو بین الاقوامی اداروں کے امتحانات پاس کرائے ۔انہوں نے کہا کہ اس گینگ اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی کیونکہ یہ سکینڈل عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا سکتا تھا۔انہوں نے اس کامیابی پر ڈائریکٹر جنرل عاطف اکرام شیخ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے مزید انکشاف کیا کہ حکام نے گزشتہ 1ماہ کے دوران آن لائن فحش مواد کے کاروبار میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15ملزمان کو گرفتار کیا ہے ، جن کا تعلق پاکستان بالخصوص لاہور سے ہے اور وہ بین الاقوامی ویب سائٹس سے منسلک تھے ۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی کال سینٹرز اور بچوں کے استحصال سے جڑے دیگر کیسز کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے اور سائبر کرائم اداروں کو مزید وسائل فراہم کرنے سے ایسے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیروٹالرنس ہے ، آن لائن فراڈ کے زیادہ تر کیسز میں خواتین نشانہ بن رہی ہیں۔
نوابشاہ (نمائندہ دنیا ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ کی نوابشاہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی ،جس میں انہوں نے صدر کو نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈ م کے معاملے پر اعتماد میں لیا۔ بتایا گیا کہ محسن نقوی لاہور سے اچانک خصوصی طیارے کے ذریعے نوابشاہ پہنچے جہاں وہ ایئرپورٹ سے زرداری ہاؤس روانہ ہوئے۔ صدر زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات تقریبا 59ً منٹ جاری رہی جس میں انہوں نے اہم شخصیت کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات کے دوران جہاں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے معاملے پر صدر کو اعتماد میں لیا گیا وہیں محسن نقوی نے جے یو آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے بھی صدر زرداری سے گفتگو کی۔ زرداری ہاؤس کے ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری نے اپوزیشن پارٹیوں سے مذاکرات سے معاملات حل کرنے پر زور دیا ،جبکہ ملاقات میں 16دسمبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی گفتگو اور 28 آئینی ویں ترمیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کی موجودہ سیاسی و امن و امان کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔ بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے ہونے والی حالیہ ملاقات، بہنوں کی رہائی اور اس کے سیاسی مضمرات بھی دونوں رہنماؤں کی گفتگو کا حصہ رہے ۔ملاقات مکمل ہونے کے بعد محسن نقوی سخت سکیورٹی انتظامات میں زرداری ہاؤس سے ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہو گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments