صوبائی حکومتوں کی عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت : منرلز انویسٹمنٹ فورم کی نمائش کا افتتاح
پنجاب کے دریاؤں میں سوناسمیت نایاب دھاتیں،سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول،سہولتیں دینگے :مریم نواز ،تھر میں وسیع امکانات:مراد شاہ ون ونڈو آپریشن دینگے : کنڈی ،سکیورٹی یقینی بنائینگے : بگٹی ،خام شکل میں برآمد مقصد نہیں،پراسسنگ ،صنعتی پیداوار کو فروغ دینا ہے :اسحاق ڈار
اسلام آباد (وقائع نگار،دنیا نیوز)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے تحت بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کر دیا ،افتتاحی تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آذر بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے ۔اس موقع پر صوبائی حکومتوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ نائب وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پُرامن بقائے باہمی، خودمختار مساوات اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں کے اصولوں پر استوار ہے، پاکستان معدنیات کی تلاش اور سرمایہ کاری کیلئے ایک مسابقتی اور قابلِ اعتمادمقام کے طور پر مواقع فراہم کرتا ہے، ملک میں معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، بہتر پالیسیوں اور عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے معدنیات کے شعبہ کو مزید ترقی دی جاسکتی ہے۔
ہماری امنگیں انفرادی منصوبوں تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ ان میں معدنیات کی پوری ویلیو چین کے مکمل عمل کو شامل ہونا چا ہئے، ہمارا مقصد محض معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں بلکہ پاکستان میں ان کی پراسیسنگ، صفائی اور صنعتی پیداوار کی صلاحیت کو بتدریج فروغ دینا ہے ۔مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا پنجاب کے دریاؤں میں سونا ہی نہیں بلکہ ساتھ بہہ کر آنیوالی ریت میں نایاب زمینی عناصر،معدنیات اور دھاتیں بھی پائی جاتی ہیں،دریاؤں میں بہنے والی دولت کے ذریعے ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں ، پنجاب میں موجود معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھانے کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے منتظر ہیں،سرکایہ کاری کیلئے سازگار ماحول اور سہولتیں مہیا کرنا فرض سمجھتی ہوں ،پنجاب میں سرخ فیتہ اور غیرضروری رکاوٹیں ختم کرکے ون ونڈو فسیلیٹیشن متعارف کرایا گیا ہے ،اب پنجاب میں سرمایہ کار وں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ بھٹکنا نہیں پڑتا، سرمایہ کاروں کو لینڈ لیز ایگریمنٹ میں خصوصی رعایت دی جارہی ہیں،کیپٹل انویسٹمنٹ کو کم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ سرمایہ کاروں کا سرمایہ مہنگی زمین میں ہی نہ اٹک جائے۔
سرمایہ کاروں کو 5 ارب تک بلاسود لون بھی فراہم کررہے ہیں،سود حکومت پنجاب ادا کرے گی،توانائی اور ایندھن کی لاگت بچانے کیلئے سرمایہ کاروں کوانڈسٹر یل اسٹیٹس سولر بیڈزمہیا کئے جارہے ہیں ۔پنجاب میں پہلی مرتبہ وسیع وعریض رقبے پر محیط منرل پراسیسنگ زون مختص کیا گیا ہے ،انتہائی معمولی ماہانہ لیز پر 15سال کے لئے انڈسٹریل اراضی فراہم کی جائے گی۔طویل المدتی شراکت داری کے لئے پنجاب میں سرمایہ کار کی سلامتی،حفاظت،سرمایہ کاری کا تحفظ اور اچھے منافع کی ضمانت دیں گے ۔فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے پاکستان میں آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے ، ہم سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن دینگے ۔گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی کا فروغ چاہتے ہیں، تاہم سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں، خیبر پختوا گیس پیداوار میں دوسرا بڑا صوبہ ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی کے عمل میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں متعدد اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں، کان کنی کے لیے مؤثر فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے ، سندھ عالمی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے ، جہاں معدنیات کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے بھی مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو کان کنی کے شعبے میں آگے آنا چاہیے ، صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے ، جبکہ بلوچستان میں سرمایہ کاروں کی سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ منرل کوریڈور کے لیے الگ سکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے اور آج کا بلوچستان پہلے سے مختلف ہے ۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم علاقے کا ایک بڑا مسئلہ رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی ہے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ سیمنٹ، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور دنیا بھر کے سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال ہے ، جہاں یاقوت کے بڑے ذخائر موجود ہیں، جبکہ گرینائٹ، ٹورملین اور پکھراج جیسے قیمتی پتھر بھی پائے جاتے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سیمنٹ کی صنعت، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، معدنیات سے متعلق قوانین کو ملک کے دیگر حصوں میں رائج قوانین سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں میں سرمایہ کاروں کے لیے یکساں قوانین اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments