اسٹاک ایکسچینج:فروخت کا دباؤ،152ارب روپے کا خسارہ
1710پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100انڈیکس177373پر بند ہوا 500کمپنیوں کے حصص کا کاروبار،155میں اضافہ،316کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں جمعرات کو کاروباری سیشن کے دوران فروخت کا دباؤ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں100 انڈیکس میں تقریباً ایک فیصد کمی ہوئی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 152 ارب روپے کم ہو کر 19 ہزار 224 ارب روپے ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور بینچ مارک انڈیکس میں ابتدائی تیزی دیکھی گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس دورانِ کاروبار 180,310.44 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم خریداری کا ابتدائی رجحان برقرار نہ رہ سکا اور فروخت کا دباؤ بڑھنے سے بینچ مارک انڈیکس منفی زون میں چلا گیا۔بعد ازاں صبح کے سیشن کے دوران انڈیکس میں بتدریج کمی دیکھی گئی جس کے بعد دوپہر کے قریب تیز فروخت کے نتیجے میں یہ گر کر 177,500 پوائنٹس کی سطح کے قریب پہنچ گیا۔
سہ پہر کے ابتدائی سیشن میں عارضی بحالی سے انڈیکس دوبارہ 178,400 پوائنٹس کی سطح تک پہنچا، تاہم یہ تیزی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔کاروباری سیشن کے آخری حصے میں بھی بینچ مارک انڈیکس پر دباؤ برقرار رہا اور فروخت کے نئے دباؤ کے باعث یہ مزید گرکر دورانِ کاروبار کی کم ترین سطح 177,271.60 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1,710.04 پوائنٹس یا 0.95 فیصد کمی سے 177,373.76 پوائنٹس پر بند ہوا۔حصص بازار میں ایک ارب 7 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 37 ارب روپے سے زائد رہی۔ورلڈ کال ٹیلی کام 19 کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار حصص کی تجارت کے ساتھ حجم کے لحاظ سے سرفہرست رہی۔مجموعی طور پر 500 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 155 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 316 میں کمی اور29 میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments