آر پی او کا ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ، کھلی کچہری ،مسائل سنے
سائل کی داد رسی نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ کی دوسال سروس ضبطی کاحکم منشیات فروشوں، قمار بازوں کیخلاف نتیجہ خیز کارروائی کریں،پولیس دربار میں ہدایت
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کا ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ، تھانہ صدر ٹوبہ میں کھلی کچہری کا انعقاد۔ڈی پی او عبادت نثارسمیت ایس ڈی پی او سرکل ٹوبہ اور ایس ایچ اوز صدر سرکل ودیگر پولیس افسر موجود تھے ۔ضلع بھر سے سائلین نے شرکت کی ۔آر پی اونے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر ہی فوری احکامات جاری کیے ۔ مقررہ وقت میں سائل کی داد رسی نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ کی 2 سال سروس ضبطی کا بھی حکم دیا ۔ پولیس لائنزٹوبہ ٹیک سنگھ میں آر پی او کی زیرِ صدارت پولیس دربار کا انعقادہوا۔ ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسروں سے خطاب کرتے آر پی او نے کہا منشیات فروشوں اور قمار بازوں کیخلاف نتیجہ خیز عملی کارکردگی دکھائیں ۔ریجن کومنشیات سے پاک کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی حفاظت کویقینی بنایا جائے ،ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھیں۔
بچوں اور خواتین کی ہراسمنٹ کیخلاف سختی سے عمل کیا جائے ۔کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ بعدازاں آر پی او نے پولیس لائنز ٹوبہ میں سکیورٹی اور ٹریفک افسروں سے میٹنگ کی اور ہدایات جاری کرتے کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کیے جا ئیں اور رش کے اوقات میں ڈی ٹی اوز خود روڈز پر موجود رہیں، غیر حاضری یا غفلت و لاپرواہی پر سخت کارروائی ہوگی ۔ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کیلئے رش والی جگہوں اور بازاروں میں اضافی ٹریفک سٹاف تعینات کیا جائے ۔سکیورٹی برانچ کی کارکردگی بہتر بنائی جائے ۔کرائم کی روک تھام کیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ مزید مؤثر بنائیں۔