مین ہولز ، روڈ سائیڈسلیبز کور کرنے کیلئے 2 روز کی ڈیڈ لائن
کسی جگہ مسنگ پرسب انجینئر اور سپروائز کیخلاف کارروائی ہو گی:ایم ڈی واسا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے مین ہولزاور روڈ سائیڈ ڈرین سلیبز کو فوری کور کرنے کیلئے 2 روز کی ڈیڈ لائن دیدی اور واضح کیا کہ وہ خود شہر کا وزٹ کرینگے اور اگر کسی جگہ مین ہول یا سلیب مسنگ نظر آئی تو سب انجینئر اور سپروائز کیخلاف کارروائی ہو گی۔ ایم ڈی کا چارج سنبھالنے کے بعد آپریشنز سٹاف کے سٹاف کیساتھ اولین میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہر بھر میں کسی جگہ مین ہولز کے کور مسنگ نہ ہوں اور نہ ہی کسی جگہ روڈ سائیڈ ڈرین کی سلیب ٹوٹ پھوٹ کا شکار نظر نہ آئے۔
ثاقب رضا نے سب انجینئرز اور سپروائزرز خبردار کرتے کہا کہ مین ہول کورز اور سلیب کی مرمت اور بحالی کے حوالے سے کوئی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی ،قیمتی انسانی جانوں کا محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے ۔ قبل ازیں انہوں واسا ہیڈ آفس پہنچ کر ایم ڈی کا چارج سنبھال لیا۔ آمد پر واسا افسروں ، سی بی اے یونین عہدیداران اور سٹاف نے پرتپاک استقبال کیا اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے گلدستے پیش کئے ۔