ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ گیم چینجر ہوگا، سلطان باجوہ
مریم نواز کا وژن عوام کو صحت مند ماحول،صاف پانی فراہم کرنا ہے :پارلیمانی سیکرٹری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ بیرسٹر سلطان باجوہ نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کو فیصل آباد کے شہریوں کیلئے ایک اہم اور گیم چینجر منصوبہ قرار دیا ہے ۔ دورہ فیصل آباد کے دوران انہوں نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کے دفتر کا دورہ کیا اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا، پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا سمیت دیگر افسروں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی جسے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے سراہا۔ بیرسٹر سلطان باجوہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن عوام کو صحت مند ماحول اور صاف پینے کا پانی فراہم کرنا ہے۔
33 ملین گیلن یومیہ صلاحیت کے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تکمیل سے ماحولیاتی اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی جو فیصل آباد کے شہریوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے باعث شہریوں کی کوالٹی آف لائف پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور یہ منصوبہ عوامی بہبود کے حوالے سے ایک منفرد اور اہم سنگ میل ہوگا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے واضح کیا کہ اس پراجیکٹ کے تحت بائیو گیس کے ذریعے 3 میگاواٹ بجلی بھی پیدا کی جائے گی۔ جس سے توانائی کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔