کھرڑیانوالہ:رہائشی کالونیوں میں سہولتوں کا فقدان، شہری پریشان
کھرڑیانوالہ (نمائندہ دنیا )کھرڑیانوالہ میں چالیس سال قبل بنائی گئی سرکاری رہائشی کالونیوں میں بنیادی سہولتوں کی غیر موجودگی شہریوں کے لیے سنگین مسئلہ بن گئی ہے ۔
محمد بن قاسم کالونی اور ٹیپو سلطان کالونی میں رہائش پذیر غریب طبقہ کے لوگ بجلی، گیس، پینے کے صاف پانی، سیوریج اور پختہ سڑکوں کی عدم فراہمی سے شدید پریشان ہیں۔ یہ کالونیاں 1985 میں قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں میں تقسیم کی گئی تھیں، تاہم سہولتیں فراہم نہ ہونے کے باعث بیشتر پلاٹ خالی پڑے رہے اور کچھ پر بااثر افراد نے قبضہ کر لیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور عوامی نمائندوں نے آج تک ان کالونیوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے ، جس سے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔شہری سفیان علی، کامران احمد اور رضوان علی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ رہائشی کالونیوں میں فوری طور پر بجلی، گیس، پانی اور سیوریج سمیت دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ شہری معمول کی زندگی گزار سکیں۔