قومی کھلاڑیوں کوصحت کی بلامعاوضہ سہولیات قابلِ تحسین :گورنر
سردار سلیم حیدر نے ماہرِ غذائیت رضوان آفتاب کو قومی خدمات پر تعریفی سرٹیفکیٹ دیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے معروف ماہرِ غذائیات اور ہیلتھ کیئر انٹرپرینیور رضوان افتاب احمد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے ایلیٹ ایتھلیٹکس کے کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس اور صحت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے رضوان افتاب احمد کی قومی سطح پر فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں گورنر ہاؤس کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا اور کہا کہ پاکستان کے ایتھلیٹس محدود وسائل کے باوجود عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کر کے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ قومی کھلاڑیوں کو صحت اور میڈیکل نیوٹریشن کی بلامعاوضہ سہولیات فراہم کرنا ایک قابلِ ستائش اقدام ہے ۔ حکومت ملک کا نام روشن کرنے والے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔ انہوں نے عوام میں صحت مند غذا سے متعلق آگاہی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ نوجوانوں کو سیاست اور کھیلوں کے میدانوں میں آگے لانا ہوگا۔