ڈی پی او چنیوٹ کی شہریوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت

 ڈی پی او چنیوٹ کی شہریوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت

پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہے :ڈاکٹر نوید عاطف

چنیوٹ،چناب نگر(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے اپنے آفس میں کھلی کچہری کا انعقا دکیا اورلوگوں کے مسائل سن کر درخواستیں متعلقہ افسروں کو مارک کرکے مختص کردہ ٹائم میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ڈی پی او نے کمپلینٹ سیل کے افسروں کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر ر ہے ہیں۔میں روزانہ اپنے دفتر میں صبح 10 بجے سے دن 12بجے تک دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتا ہوں،شہری پولیس سے متعلقہ کسی بھی مسئلے ،پریشانی کی صورت میں گھر بیٹھے ڈی پی او دفتر کے کمپلینٹ نمبر 0370-4022020 پر اپنی درخواست وٹس ایپ بھی کرسکتے ہیں۔

ڈی پی او چنیوٹ نے مزید کہا کہ فیلڈ افسروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں آنے والے شہریوں کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آکر ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے اور بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے۔ دفاتر،تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی پی او چنیوٹ نے مزید کہا ہے کہ سپیشل مہم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں، گرفتار منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کر کے سزائیں دلوائی جا رہی ہیں ، منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں