فیڈ ملز کی انسپکشن، لائیوسٹاک ایکٹ پر عملدرآمد کا جائزہ
ریکارڈ کی دستیابی اور کوالٹی کنٹرول سسٹم کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی جانب سے پنجاب اینیملز فیڈ سٹف اینڈ کمپاؤنڈ فیڈ ایکٹ 2016ء کے مؤثر اور حقیقی نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع فیصل آباد میں فیڈ مینوفیکچرنگ یونٹس کے معائنہ اور تجدید کا عمل جاری ہے ۔اسی سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع فیصل آباد ڈاکٹر روبینہ انجم نے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک کے ہمراہ تحصیل چک جھمرہ اور فیصل آباد میں قائم مختلف فیڈ ملز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران فیڈ ملز کے مختلف سیکشنز بشمول پروڈکشن یونٹس، لیبارٹری، خام مال، صفائی کے انتظامات، ریکارڈ کی دستیابی اور کوالٹی کنٹرول سسٹم کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔فیڈ ملز کے تکنیکی عملے نے لیبارٹری امور، فیڈ کی تیاری کے مراحل اور کوالٹی کنٹرول کے طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر روبینہ انجم نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک مویشیوں کی صحت کے تحفظ اور محفوظ و معیاری فیڈ کی فراہمی کے لیے فیڈ مینوفیکچرنگ یونٹس کی باقاعدہ نگرانی اور جانچ پڑتال کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے ۔