مضر صحت خوراک بنانیوالوں کو 28 کروڑ کے جرمانے
محکمہ فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران 540 سے زائد افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج بھی کروایا ، دو لاکھ 21 ہزار سے زائد مقامات کی انسپکشن کی گئی
فیصل آباد (عبدالباسط سے )غیر معیاری اور مضر صحت فوڈ آئٹمز کی تیاری اور خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے گرد محکمہ فوڈ اتھارٹی نے گھیرا تنگ کر دیا۔ گزشتہ 12 ماہ کے دوران فیصل آباد ڈویژن بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 28 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 540 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کروایا گیا۔محکمہ فوڈ اتھارٹی نے فیصل آباد ڈویژن میں گزشتہ ایک سال کے دوران دو لاکھ 21 ہزار سے زائد مقامات کی انسپکشن کی۔ ان کارروائیوں کے دوران غیر معیاری اور مضر صحت فوڈ آئٹمز کی تیاری اور فروخت ثابت ہونے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ۔ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے 88 ہزار سے زائد یونٹس مالکان کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ 24 ہزار سے زائد افراد کو مختلف نوعیت کے جرمانے کیے گئے ۔سنگین خلاف ورزیوں پر ایک ہزار 60 سے زائد یونٹس کو سیل کر دیا گیا جبکہ 540 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے 4500 سے زائد مختلف کھانوں اور فوڈ آئٹمز کے سیمپلز حاصل کر کے لیبارٹری میں ٹیسٹنگ بھی کرائی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران دو لاکھ 24 ہزار لیٹر سے زائد دودھ اور 98 ہزار کلوگرام سے زائد گوشت سمیت بھاری مقدار میں دیگر غیر معیاری اور مضر صحت فوڈ آئٹمز کو تلف کیا گیا۔اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز امتیاز حسین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ غیر معیاری اور مضر صحت فوڈ آئٹمز کی تیاری اور خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں جبکہ فوڈ آئٹمز کی تیاری کو ایس او پیز کے مطابق ڈھالنے کے لیے بھی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے ۔