دنیا نیوز کی خبر پرپیرا فورس کا تاندلیانوالہ کیخلاف بڑا آپریشن
قائداعظم روڈ پر کے اطراف قائم رکاوٹوں اور ناجائز قبضوں کو مسمار کر دیا گیا
تاندلیانوالہ(نمائندہ دنیا )شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیرا فورس نے مؤثر کارروائی کا آغاز کر دیا۔ انچارج پیرا فورس بابر علی کی قیادت میں قائداعظم روڈ پر قائم غیر قانونی تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سڑک کے اطراف قائم رکاوٹوں اور ناجائز قبضوں کو مسمار کر دیا گیا۔یہ کارروائی دنیا نیوز پر نشر ہونے والی خبر کے بعد کی گئی، جس میں شہریوں کو درپیش مشکلات اور تجاوزات کی نشاندہی کی گئی تھی۔
پیرا فورس کی بروقت کارروائی سے نا صرف ٹریفک کی روانی بحال ہوئی بلکہ شہریوں نے بھی اس اقدام کو سراہا۔انچارج پیرا فورس کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی و عوامی سہولت کے لیے یہ آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کسی کو عوامی راستے پر قبضہ نہیں کرنے دینگے جبکہ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں مستقل بنیادوں پر کی جائیں تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔