پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں

سری نگر: (دنیا نیوز) 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان اور بھارت نے کشمیریوں کیلئے حق خود ارادیت یعنی رائے شماری کی قرارداد منظور کی تھی جس کے تناظر میں کشمیری ہر سال اس دن کو بڑھ چڑھ کر مناتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی قرار داد کے باوجود بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کر کے انہیں بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہوا ہے، جس وجہ سے کشمیری ہر سال 5 جنوری کو تجدید عہد کے طور پر مناتے ہیں، ہرسال اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کو یاد دلانا ہے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی ذمہ داری کو نظر انداذ نہیں کرسکتے۔

ترجمان وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے مطابق بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کھیل کھیل رہا ہے اس سے پوری دنیا کے امن کو خطرات لاحق ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیری عوام کو یہ حق دیتی ہیں کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنا فیصلہ کرسکیں، بھارت ان قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔

رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ یوم حق خود ارادیت کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر بھر میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن دفتر مظفرآباد میں یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیری عوام کو یہ حق دیتی ہیں کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنا فیصلہ کر سکیں، ضرورت اس امر کی ہے اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ اقوام متحدہ کا ادارہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں