سائبر فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن، 51 لاکھ 22 ہزار سمز بلاک

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سائبر فراڈ کے خلاف پی ٹی اے کا بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایک سال میں 51 لاکھ 22 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز بلاک کردی گئیں۔

 پی ٹی اے نے غیر قانونی سمز فروخت کرنے والی 83 ویب سائٹس بھی بلاک کر دیں، ایک سال میں 8 لاکھ 91 ہزار غیر فعال سمز بلاک یا ری سائیکل اور فوت شدہ افراد کے نام پر موجود 32 لاکھ سمز بلاک کی گئیں ، منسوخ یا ضبط شدہ شناختی کارڈز پر جاری 69 ہزار سمز بند کی گئیں ۔

اِ س کے علاوہ ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ 7 لاکھ 83 ہزار سمز بلاک کی گئیں، وطن واپس بھیجے گئے غیر ملکیوں کی ایک لاکھ 79 ہزار سمز بلاک کی گئی ہیں۔

پی ٹی اے نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ساتھ مل کر 24 شہروں میں ملکی و غیر ملکی غیر قانونی سمز کے خلاف 76 چھاپے مارے جن میں 5 ہزار 300 مقامی سمز اور 8 ہزار غیر ملکی سمز ضبط کی گئیں ،99 بائیومیٹرک ڈیوائسز ، 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد ڈیجیٹل فنگر پرنٹس ضبط کیے گئے۔

دوسری جانب غیرقانونی مقامی سمز کے حوالے سے 44 چھاپوں میں 71 اور بین الاقوامی سمز کے حوالے سے 32 چھاپوں میں 46 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

علاوہ ازیں پی ٹی اے نے سم فروشوں کے لیے تھری فیکٹر تصدیق لازمی قرار دے دی جبکہ بائیومیٹرک ڈیوائسز پر جیو فینسنگ اور لائیو فنگر ڈیٹیکشن نافذ کردی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں