پی ٹی اے نے گزشتہ مالی سال میں 10 کروڑ سے زائد موبائل ڈیوائسز بلاک کیں

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گزشتہ مالی سال کے دوران بلاک کی جانے والی موبائل ڈیوائسز سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں جن کے مطابق 10 کروڑ سے زائد موبائل ڈیوائسز کو مختلف وجوہات کی بنا پر بلاک کیا گیا۔

پی ٹی اے دستاویزات کے مطابق 8 لاکھ 68 ہزار گمشدہ یا چوری شدہ موبائل فونز کو بلاک کیا گیا جبکہ 7 کروڑ 20 لاکھ جعلی یا ریپلیکا موبائل ڈیوائسز کو موبائل نیٹ ورک سے ہٹا دیا گیا، 2 کروڑ 70 لاکھ ایسی ڈیوائسز بھی بلاک کی گئیں جن میں ڈپلیکیٹ یا کلون آئی ایم ای آئی نمبرز استعمال ہو رہے تھے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سال 2019 سے اب تک موبائل ڈیوائس رجسٹریشن کے ذریعے حکومت کو مجموعی طور پر 83 ارب روپے سے زائد ٹیکس ریونیو حاصل ہوا ہے، ملک میں استعمال ہونے والے 68 فیصد سمارٹ فونز مقامی سطح پر تیار کیے جا رہے ہیں جس کے لیے اتھارٹی کی جانب سے اب تک 36 موبائل مینوفیکچرنگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی، جعلی اور غیر معیاری موبائل ڈیوائسز کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ اور نیٹ ورک کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں