ایلون مسک کا وینزویلا کے عوام کیلئے انٹرنیٹ فراہمی بارے بڑا اعلان

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) ٹیسلا اور سپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ان کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس سٹارلنک وینزویلا کے عوام کو 3 فروری تک مفت براڈبینڈ انٹرنیٹ فراہم کرے گی، تاکہ ملک میں جاری بحران کے دوران رابطہ بحال رکھا جا سکے۔

ایلون مسک نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کیا، جہاں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وینزویلا کے عوام کی حمایت میں اٹھایا گیا ہے۔

یہ اعلان 3 جنوری کو امریکا کے وینزویلا میں فوجی آپریشن کے بعد سامنے آیا جس کے دوران صدر نکولس مادورو اور خاتونِ اول سیلیا فلوریس کو حراست میں لے لیا گیا۔

سٹارلنک نیٹ ورک، جو لو ارتھ آربٹ (کم بلندی پر گردش کرنے والے) سیٹلائٹس کے ذریعے کام کرتا ہے، اس سیاسی اور سکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال میں وینزویلا میں انٹرنیٹ سروس برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔

ماہرین کے مطابق، بحران کے وقت کے دوران مواصلاتی سہولیات کی دستیابی عوام، صحافیوں اور امدادی اداروں کے لیے نہایت اہم ہوتی ہے، اور سٹارلنک کی یہ سہولت معلومات تک رسائی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں