نیپرا نے متعدد پاور سٹیشنز، کمپنیوں کی حفاظتی کارکردگی ناقص قرار دے دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی پیداوار، ترسیل اور تقسیم سے متعلق کمپنیوں کی 25-2024ء کی رپورٹ میں متعدد پاور سٹیشنز اور کمپنیوں کی حفاظتی کارکردگی کو ناقص قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق حفاظتی غفلت کی صورت میں کمپنیوں کے سربراہان ذاتی طور پر ذمے دار ہوں گے، کام کے دوران یا عوام سے متعلق حادثات پر سی ای اوز اور متعلقہ افسران جوابدہ ہوں گے، حفاظتی قوانین اور ایس او پیز کی خلاف ورزی حادثات کی بڑی وجہ بن رہی ہے، بجلی کے شعبے میں ایچ ایس ای کے 20 معیارات پر کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور سٹیشن حفاظتی درجہ بندی میں سرفہرست رہا، کراچی نیوکلیئر پاور سٹیشن حفاظتی کارکردگی میں دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ متعدد پاور سٹیشنز اور کمپنیاں حفاظتی کارکردگی میں ناقص ہیں، سرکاری شعبے میں حفاظتی نظام میں مسلسل کمزوریاں سامنے آئیں۔
نیپرا رپورٹ میں میپکو، گیپکو، فیسکو اور ٹیسکو کو آؤٹ سٹینڈنگ ریٹنگ ملی، لیسکو، حیسکو اور کیسکو کو فیئر درجہ دیا گیا، آئیسکو، پیسکو اور سیپکو کو گُڈ ریٹنگ ملی، کےالیکٹرک نے پیداوار، ترسیل اور تقسیم میں مستقل اعلیٰ درجے کی کارکردگی برقرار رکھی۔
رپورٹ کے مطابق غیر محفوظ طریقہ کار کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات کا خدشہ ہے، خراب اور غیر تسلی بخش کارکردگی والی کمپنیاں پوری سیفٹی معیارات میں بہتری لائیں۔