برطانیہ اور فرانس نے گرین لینڈ پر قبضے کی امریکی دھمکی کو مسترد کر دیا
لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ اور فرانس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گرین لینڈ پر قبضے کی دھمکی کو مسترد کر دیا۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نےگرین لینڈ پر ڈنمارک کے مؤقف کو درست قرار دیا اور کہا کہ گرین لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق وہاں کے عوام اور ڈنمارک کے حکمرانوں کا ہے اور برطانیہ اس مسئلے پر ڈنمارک کی وزیراعظم کے ساتھ کھڑا ہے۔
ادھر فرانس نے بھی گرین لینڈ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے اور کہا کہ سرحدیں طاقت سے تبدیل نہیں کی جا سکتیں، گرین لینڈ عوام کا ہے اور یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ اس کے ساتھ کیا کریں۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے معاملے میں عالمی قوانین کا احترام نہیں کیا گیا، سلامتی کونسل کے مستقل اراکین جیسے فرانس کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی مذمت کریں اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
دوسری طرف گرین لینڈ کے وزیراعظم نے امریکی دھمکی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین لینڈ ہمارا ہے، ہمارے عوام اس کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، امید ہے امریکا سے تعلقات بہتر ہو جائیں گے۔
گرین لینڈ کے وزیراعظم جینس نیل سن نے کہا کہ امریکا سے الحاق کے خواب ہمیں مزید گوارا نہیں، ان کا ملک مذکرات کے لیے تیار ہے لیکن مذاکرات مناسب چینل کے ذریعے اور احترام کے ساتھ ہونے چاہئیں۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا کو قومی سلامتی کے نکتہ نظر سے گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔