وہاڑی میں پولیس مقابلہ: دوران واردات خاتون سے زیادتی کرنے والے 2 ڈکیت ہلاک
وہاڑی: (دنیا نیوز) وہاڑی کے تھانہ جھال سیال پولیس کے ساتھ مقابلے میں دوران واردات خاتون سے زیادتی کرنے والے 2 ڈکیت ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ محمود کوٹ کے قریب 4 نامعلوم ملزمان موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہوئے، 15 پر واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی۔
پولیس حکام کہنا کہ ناکہ بندی پوائنٹ بستی اسلام آباد کے قریب 3 موٹر سائیکل سوار 4 مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 نامعلوم ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر ہلاک ہو گئے، باقی 2 ملزمان اندھیرے اور دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت انور خان پٹھان اور تہذیب احسن پٹھان سکنہ 52 کے بی سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ملزمان ایکٹو کریمنل تھے اور چند یوم قبل جھال سیال کے علاقہ میں (ن) نامی خاتون سے دوران واردات زیادتی کی اور کانوں سے بالیاں بھی کھینچ لی تھیں، پولیس نے موقع سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی، کٹی ہوئی بالیاں اور 2 پسٹل برآمد کر کے قبضہ لے لئے۔
ایس ایچ او تھانہ جھال سیال رؤف اقبال گجر نے ہلاک ملزمان کی ڈیڈ باڈیز پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیں، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی کارروائی شروع کردی گئی۔