سوئٹزرلینڈ کا وینزویلا صدر کے تمام اثاثے منجمد کرنے کا اعلان
برن: (دنیا نیوز) سوئٹزرلینڈ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے تمام اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کر دیا۔
سوئس حکام کا کہنا ہے کہ 4 سال تک اثاثے منجمد رہیں گے، جب تک کوئی نیا حکم نہ آجائے، یہ قدم اس لئے اٹھایا گیا تاکہ اثاثے ملک سے باہر نہ جائیں، اثاثے غیر قانونی ثابت ہوئے تو انہیں وینزویلا کے عوام کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
سوئس حکام کا مزید کہنا تھا کہ سوئٹزر لینڈ نے 2018 سے وینزویلا پر سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو امریکی سپیشل فورسز نے ایک کارروائی میں ان کے ملک سے پکڑ کر امریکا منتقل کیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وینزویلا اب مؤثر طور پر امریکی کنٹرول میں آ جائے گا، امریکی حکومت کا طیارہ رات کے وقت ایک فوجی اڈے پر اترا تھا، جہاں سے مادورو کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا، وہاں ان پر منشیات سمگلنگ اور اسلحہ رکھنے کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی جانی ہے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ علی الصبح ہونے والی اس تیز رفتار کارروائی کے دوران امریکی کمانڈوز نے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کیا جبکہ اسی دوران کراکس اور اس کے گرد نواح میں فضائی حملے بھی کئے گئے۔