این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل انفراسٹرکچر آڈٹ پروگرام 2026 کا باضابطہ آغاز
اسلام آباد: (دنیا نیوز) مون سون 2026 سے پہلے تیاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے کے اقدامات جاری ہیں۔
این ڈی ایم اے میں تعمیرات کے جائزہ کے لیے قومی پروگرام 2026 کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں نیشنل انفراسٹرکچر آڈٹ پروگرام 2026 کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔
وزیراعظم آفس سے منظور شدہ انفراسٹرکچر آڈٹ پروگرام2026، وفاقی و صوبائی سطح پر نافذ العمل ہوگا، پروگرام کے تحت تمام خطرے سے دوچار تعمیرات اہم تنصیبات کے جائزہ کے لیئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔
.jpg)
وفاقی وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ قدرتی آفات میں نقصانات کی بڑی وجہ غیر معیاری اور منصوبہ بندی کے بغیر کی گئی تعمیرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آفات کے بعد اقدامات کے بجائے پیشگی تحفظ اور خطرات کی بروقت تشخیص اور تدارک کے لیے اقدامات یقینی بنانا ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نیشنل انفراسٹرکچر آڈٹ پروگرام پیشگی تیاری، تعمیرات کو محفوظ بنانے اور نقصان کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ سیمینار کا مقصد وفاقی و صوبائی اداروں کے مابین مؤثر ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
.jpg)
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کا مقصد وفاقی و صوبائی اداروں کے مابین مربوط حکمت عملی کو فروغ دینا ہے، انفراسٹرکچر آڈٹ میں جدید تکنیکی اصولوں پر مبنی طریقہ کار اور ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم شامل ہوں گے۔
وفاقی و صوبائی اداروں نے انفراسٹرکچر آڈٹ پروگرام 2026 کے مشترکہ نفاذ کے عزم کا اظہار کیا، عوام کے قیمتی جان و مال کا تحفظ این ڈی ایم اے کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت کے مطابق مون سون 2026 سے قبل تمام اہم تعمیرات کا آڈٹ یقینی بنایا جائے گا۔