شہر قائد میں رات گئے پولیس مقابلے، 3 ملزم ہلاک، 7 زخمیوں سمیت 9 گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین ملزم ہلاک جنکہ سات زخمیوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پاک کالونی پولیس نے دوران گشت مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں تین ملزمان کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا جو ہسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کر لی گئی، پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔
ادھر مومن آباد پولیس نے رحیم شاہ کالونی میں مبینہ مقابلے کے بعد چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
گلشن معمار پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
گلبرگ پولیس نے بلاک 5 میں مبینہ مقابلے میں 2 زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہے ہے۔