جشن مولودِ کعبہ کے سلسلے میں پروقار محفل سماع کا انعقاد
مقررین نے حضرت علیؓ کولازوال قربانیوں پربھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا
بچیانہ(نمائندہ دنیا)آستانہ عالیہ پیر سید مقدس حسین زیدی پر جشن مولودِ کعبہ کے سلسلے میں گذشتہ رات پروقار محفلِ سماع کا انعقاد کیا گیا، زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت صدر بچیانہ پریس کلب (رجسٹرڈ) الحاج میاں رفیق طاہر نے کی۔ معروف ثناء خوانوں اور قوالوں نے مولائے کائنات حضرت علی کرم اﷲ وجہہ الکریم کی شانِ اقدس میں منقبتیں پیش کیں۔
مقررین نے فاتح خیبر حضرت علیؓ کی بہادری، شجاعت اور اسلام کے لیے انکی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔پروگرام کے اختتام پر جشنِ مولودِ کعبہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ میاں رفیق طاہر نے خطاب میں کہا کہ حضرت علیؓ کی زندگی رہتی دنیا تک کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔دریں اثنا جشن مولود کعبہ کے سلسلہ میں بچیانہ کی مساجد اور بازاروں میں شیرینی بانٹی گئی ۔ میاں مقصود تبسم آرائیں ودیگرنے بازاروں میں لنگر کا انتظام کیا۔