الائیڈ ہسپتال ون ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں نصب سی ٹی سکین مشین پھر خراب ، مریض خوار
مشین کی خرابی کو ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود تاحال مرمت کا عمل مکمل نہیں ہو سکا،مریضوں کو سی ٹی سکین کیلئے طویل انتظار کروایا جا رہا ،اکثر مہنگے ٹیسٹ کروانے پر مجبور، مشین جلد فعال ہو جائیگی:ایم ایس
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ون کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں نصب سی ٹی سکین مشین ایک مرتبہ پھر خراب ہو گئی ہے ، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے مشین خراب ہونے کے بعد مریضوں کو سی ٹی سکین کیلئے طویل انتظار کروایا جا رہا ہے ،مشین کی خرابی کو ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود تاحال مرمت کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔الائیڈ ہسپتال ون کی انتظامیہ کا کہنا ہے مشین جلد درست کر دی جائے گی، تاہم کسی حتمی وقت کا تعین نہ ہونے کے باعث مریض نجی سطح پر مہنگے داموں سی ٹی سکین کروانے پر مجبور ہیں۔ذرائع کے مطابق الائیڈ ہسپتال میں مجموعی طور پر2سی ٹی سکین مشینیں نصب ہیں۔ ان میں سے ایک مشین ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور مریضوں کیلئے مختص ہے۔
جبکہ دوسری مشین سرجیکل ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں نصب ہے جو شہر کی ایک مخیر شخصیت کی جانب سے فراہم کی گئی ہے اور اس وقت فعال ہے ، جہاں ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کے سی ٹی سکین کیے جا رہے ہیں۔مریضوں کی مشکلات کے حوالے سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ چند روز قبل سی ٹی سکین مشین کی سالانہ مینٹی ننس کے سلسلے میں متعلقہ کمپنی کے انجینئرز کام کر رہے تھے ۔ ان کے مطابق مشین مکمل طور پر نہیں بلکہ جزوی طور پر کچھ وقت کے لیے غیر فعال رہی۔جبکہ جلد ہی سی ٹی سکین مشین کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔