گرانفروشی ، ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن، 485گرفتار
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )جھنگ میں رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری ہے ۔
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سخت اقدامات اٹھا رہے ہیں۔رمضان کے پہلے عشرے کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مجموعی طور پر 30 ہزار 75 انسپکشنز کی گئیں۔ سرکاری نرخ نامہ کی خلاف ورزی، ریٹ لسٹ نہ لگانے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔کارروائیوں کے دوران خلاف ورزی کرنے والے افراد پر مجموعی طور پر 15 لاکھ 63 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 7 مقدمات درج کیے گئے اور 15 دکانیں سیل کی گئیں۔ مزید برآں 485 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا تاکہ ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی ہو سکے ۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے واضح کیا کہ پرائس کنٹرول میکانزم پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا اور کسی کو بھی عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔