جھنگ :یومِ علیؓ پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا فیصلہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)جھنگ میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر ضلع میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین نے کی۔اجلاس میں امن کمیٹی کے ممبران، تمام مکاتبِ فکر کے علما کرام، بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے ممبران، جلوسوں کے لائسنسداران، ضلعی افسران اور متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور 21 رمضان المبارک کو یومِ شہادت علیؓ کے سلسلے میں جلوسوں اور مجالس کے انتظامات سمیت حساس مقامات، جلوسوں کے روٹس، بازاروں اور عبادت گاہوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موجودہ حالات کے تناظر میں حفاظتی اقدامات اور ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس کی ازسرنو چیکنگ، سرچ اینڈ سویپ آپریشن، چھتوں کی نگرانی، واک تھرو گیٹس کی تنصیب، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو، صحت، میونسپل اور دیگر سروسز کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین نے کہا کہ جلوسوں اور اجتماعات کے دوران اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی ۔ بازاروں، اہم تجارتی مراکز، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات کے موقع پر خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔