عوامی ریلیف، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اجلاس میں ہدایات
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)واثق عباس ہرل کی زیر صدارت چنیوٹ میں رمضان المبارک کے دوران عوامی ریلیف کے حوالے سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی، سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس ہرل نے ہدایت کی کہ اشیاء کے ریٹس میں کمی کا مکمل ریلیف عوام تک منتقل کیا جائے اور کسی بھی دکاندار کو سرکاری نرخوں سے تجاوز کی اجازت نہ دی جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری ریٹ لسٹ پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں، ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں اور بازاروں میں مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک رہ کر ریٹ لسٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔