عوامی مسائل میں غفلت برداشت نہیں ہوگی:اے ڈی سی جی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس اور کیپٹن اسامہ کی زیر صدارت منعقد ہوا،
جس میں ضلع بھر کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی سکیموں اور عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ تمام محکمے مقررہ اہداف کے بروقت حصول کو یقینی بنائیں اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر مؤثر کوآرڈینیشن بہتر گورننس کی بنیاد ہے ۔ صفائی کی صورتحال، پرائس کنٹرول، امن و امان اور دیگر انتظامی امور میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور بہتر طرز حکمرانی فراہم کی جا سکے ۔