علاقائی حالات کے تناظر میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ڈویژن بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام متحد ہو کر وطن دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے متحرک ہیں۔
علاقائی حالات کے تناظر میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اہم اجلاس کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو سے تین روز میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے دورے کریں گے ، جہاں علما کرام اور مقامی امن کمیٹیوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امن کے قیام میں علماء کرام کا کردار ہمیشہ صف اول میں رہا ہے اور موجودہ حالات میں باہمی اتحاد و اتفاق ناگزیر ہے ۔ علماء کرام محراب و منبر سے اتحاد، رواداری، صبر و تحمل اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں اور ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔