ایران پر حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی:پیپلز پارٹی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھر ی نے کہا ہے کہ ایران پر حملے بلا اشتعال مسلح جارحیت ہیں اور یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ ایک خودمختار ریاست کی سالمیت پر سنگین حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کی سلامتی اور خودمختاری پر حملہ امت مسلمہ کے لیے تشویش کا باعث ہے اور پاکستان کے عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینا ایران کا بنیادی حق ہے ، تاہم خطے کے امن کے لیے فوری طور پر سیاسی اور سفارتی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے ۔محمد اعجاز چودھر ی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا اور باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر مسئلے کا پرامن حل تلاش کیا جائے ۔