ڈویژن میں 95 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)مریم نواز شریف کے احکامات کے تحت ڈویژنل کمیٹی برائے کاٹن کراپ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ کا اجلاس راجہ جہانگیر انور، کمشنر فیصل آباد کی صدارت میں منعقد ہوا۔
ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ ڈویژن میں 95 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اب تک 15 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر کاشت مکمل کر لی گئی ہے ۔کمشنر نے کہا کہ کسانوں کی آگاہی کے لیے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے محکمہ انہار کو ہدایت کی کہ کپاس کی فصل کو پانی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ کسانوں کو فصل کی مناسب قیمت کی ادائیگی کے لیے سیکرٹری زراعت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کمشنر نے واضح کیا کہ کسانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔