ٹو بہ ٹیک سنگھ :شادی والے گھر میں لاکھوں کی ڈکیتی
مسلح ڈاکو دیواریں پھلانگ کر گھر داخل ہوئے ، اہلخانہ کو یرغمال بنالیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )تھانہ چٹیانہ کے علاقہ میں شادی والے گھر میں ڈکیتی ،مسلح ڈاکو لاکھوں روپے مالیتی طلائی زیوارت ،نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق نواحی چک نمبر303گ ب میں رانا رفاقت نامی شخص کی بیٹی کی شادی تھی اوراس سلسلہ میں گھر میں مہمان آئے ہو ئے تھے ،گذشتہ شب نامعلوم مسلح ڈاکو دیواریں پھلانگ کر گھر داخل ہو گئے اور انہوں نے آتشیں اسلحہ کے زور پر اہلخانہ اور مہمانوں کو یرغمال بنا کر ایک کمرہ میں بند کر دیا اور خواتین سے طلائی زیورات چھین لئے جبکہ گھر میں شادی کیلئے رکھا گیا طلائی زیور ،نقدی اور دیگر قیمتی سامان بھی لوٹ لیا اور اطمینان کے ساتھ فرار ہو گئے ۔اہل خانہ کے مطابق پولیس 15پر فون کال کر نے کے باوجود تھانہ چٹیانہ پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی ، آخری اطلاعات تک ملزمان کا کو ئی سراغ نہیں مل سکا ،پولیس مصروف تفتیش ہے ۔