ایل پی جی گیس کی بلیک میں فروخت، شہری پریشان

ایل پی جی گیس کی بلیک میں فروخت، شہری پریشان

ایل پی جی گیس کی بلیک میں فروخت، شہری پریشان سلنڈر 5 سے 6 ہزار روپے تک فروخت ہو رہا ،صارفین کے تحفظات

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)شہر و گردونواح میں ایل پی جی گیس کی بلیک مارکیٹ میں فروخت دھڑلے سے جاری ہے ، جس سے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ عید الفطر کی چھٹیوں میں دکانداروں نے خود ساختہ نرخ بڑھا کر شہریوں کے چولہے ٹھنڈے کر دئیے ۔سرکاری ریٹ کے مطابق 12 کلو سلنڈر کی قیمت 2665 روپے بنتی ہے ، مگر مارکیٹ میں یہی سلنڈر 5 سے 6 ہزار روپے تک بلیک میں فروخت ہو رہا ہے ۔ صارفین نے انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ دکاندار ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی کارروائی معمولی جرمانوں تک محدود رہی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلیک میں فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کر کے ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ نے کہا کہ انتظامیہ ایسی کالی بھیڑوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور جلد ان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح گیس کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں