ایران جنگ میں پاکستانی کردار قابل تعریف:عبدالرشید حجازی
پاکستان کی سالمیت سے کھیلنے والے کبھی قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے :خطاب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی نے عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ایران اور امریکہ کا پاکستان پر اعتماد اور جنگ بندی کے لیے مذاکرات کی میزبانی پاکستان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے ۔ ایران، اسرائیل اور امریکہ کی موجودہ کشیدگی میں سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مل کر عالمی استعماری طاقتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔علامہ حجازی نے نشاندہی کی کہ جنگ کے دوران کچھ مذہبی رہنماؤں نے شرپسند عناصر اور بیرونی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔
مگر حکومت اور پاک فوج کے مؤثر اقدامات کی بدولت ملک میں امن قائم رہا اور پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت سے کھیلنے والے کبھی قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ، اور ایسے عناصر جو سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچائیں یا فوجی جوانوں کو نشانہ بنائیں، کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی جانب سے یوم قرار داد پاکستان کے عملی نفاذ اور ملک کو اسلام کا گہوارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔