نرسز کا ڈیٹا لیک ہونے سے روکنے کیلئے ہدایات جاری
معلومات کیلئے سرکاری ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جائے :سپرنٹنڈنٹس کوحکم
فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں) ہسپتالوں سے چارج نرسز کا محکمانہ ڈیٹا غیر متعلقہ افراد تک پہنچنے کی شکایات پر محکمہ صحت پنجاب نے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری ہیلتھ اداروں کے سربراہوں کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کو موصولہ شکایات میں بتایا گیا کہ چند ہسپتالوں اور دیگر ہیلتھ اداروں سے وہاں تعینات نرسز کا محکمانہ ڈیٹا غیر متعلقہ افراد تک شیئر کیا گیا، جس سے نرسز اور دیگر ملازمین کی ذاتی و محکمانہ تفصیلات لیک ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
اس پر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ڈائریکٹر جنرل نرسنگ سمیت ٹیچنگ و جنرل ہسپتالوں، میڈیکل کالج و یونیورسٹیز کے پرنسپل، ڈینز، ایم ڈیز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کا ڈیٹا غیر متعلقہ افراد تک نہ پہنچایا جائے ۔ سرکاری معاملات کے لیے کسی ملازم یا چارج نرس سے معلومات حاصل کرنے کی صورت میں صرف سرکاری ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جائے ، جبکہ دیگر الیکٹرانک ذرائع استعمال نہ کیے جائیں۔مراسلہ میں انتباہ کیا گیا ہے کہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مستقبل میں ایسی کسی شکایت پر متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔