آرپی او کی کھلی کچہری،درخواستوں پر فوری کارروائی کے احکامات
شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیح :سہیل اختر سکھیرا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرانے آر پی او آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ انہوں نے شہریوں کی درخواستوں اور شکایات کو بغور سنا اور دادرسی کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔ شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو فوری انکوائری اور کارروائی کے بعد مقررہ ٹائم فریم میں رپورٹ بھیجوانے کے احکامات د یئے گئے ۔ رواں سال 2400 سے زائد سائلین کی داد رسی کی جاچکی ہے ۔اس موقع پر آرپی او سہیل اختر سکھیرانے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فوری فراہمی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے شہریوں کے ساتھ بدسلوکی یا مقدمات کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر کے بارے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کی جائے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کے دباؤ کو مدنظر نہ رکھا جائے ۔ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔