ایل پی جی 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، شہریوں کو مشکلات

ایل پی جی 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، شہریوں کو مشکلات

قیمتیں بڑھانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے :شہری

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ کے اثرات فیصل آباد میں ایل پی جی کی قیمتوں پر بھی مرتب ہونے لگے ہیں۔ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 225 روپے فی کلوگرام مقرر ہے ، جبکہ مارکیٹ میں دکانداروں کی جانب سے مبینہ خود ساختہ اضافہ کرتے ہوئے یہ 400 روپے فی کلوگرام سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے سرکاری نرخ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، لیکن فیصل آباد انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ ادارے اس پر عمل درآمد کروانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

سرکاری نرخ کے مطابق 11 کلو 800 گرام کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 2664 روپے مقرر کی گئی ہے ، لیکن مارکیٹ میں دکان داروں کی جانب سے قیمت میں اضافہ شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایل پی جی تیار کرنے والی انڈسٹریز کی جانب سے بھی قیمت میں من چاہا اضافہ کیا گیا، جس کی وجہ سے چھوٹی مارکیٹوں میں بھی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایل پی جی کی قیمتیں بڑھانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ان کے مسائل کا خاتمہ ہو سکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں