زرعی یونیورسٹی عالمی درجہ بندی میں نمایاں ، زراعت میں 33 ویں اور ویٹرنری سائنسز میں 61 ویں پوزیشن

 زرعی یونیورسٹی عالمی درجہ بندی میں نمایاں ، زراعت میں 33 ویں اور ویٹرنری سائنسز میں 61 ویں پوزیشن

ملکی سطح پر واحد ادارہ ہے جو اس شعبے میں دنیا کے ٹاپ 100 اداروں میں شامل ہے ،ادارہ قومی اور عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا:وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی ، یونیورسٹی کمیونٹی کو مبارکباد

فیصل آباد (نیوز رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی سبجیکٹ رینکنگ نے زراعت و جنگلات کے شعبہ جات میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو دنیا کی 33 ویں جبکہ ویٹرنری سائنسز میں 61 ویں بہترین جامعہ قرار دیا ہے ۔یونیورسٹی نے اپنی عالمی تعلیمی ساکھ کو مزید مضبوط کرتے ہوئے زراعت اور جنگلات کے شعبے میں دنیا کی 475 یونیورسٹیوں میں سے 33 ویں پوزیشن حاصل کی، اور یہ ملکی سطح پر واحد ادارہ ہے جو اس شعبے میں دنیا کے ٹاپ 100 اداروں میں شامل ہے ۔ اسی طرح ویٹرنری سائنس میں بھی نمایاں بہتری لاتے ہوئے یونیورسٹی نے گزشتہ سال کی 84 ویں پوزیشن سے ترقی کرتے ہوئے امسال 61 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اس شاندار کامیابی پر یونیورسٹی کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ قومی اور عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے ۔ برصغیر کی یہ پہلی زرعی دانش گاہ جدت، تحقیق اور عملی اقدامات کو بروئے کار لاتے ہوئے زرعی ترقی اور غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔یہ رینکنگ مختلف کلیدی اشاریوں کی بنیاد پر کی گئی ہے جن میں تعلیمی ساکھ 50 فیصد، ملازمین کی ساکھ 10 فیصد، فی فیکلٹی حوالہ جات 15 فیصد، ایچ انڈیکس 15 فیصد اور بین الاقوامی تحقیقی نیٹ ورک 10 فیصد شامل ہیں۔یونیورسٹی حکام نے اس کامیابی کو طلبہ، فیکلٹی اور عملے کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سنگ میل یونیورسٹی کی علمی فضیلت اور اختراع کے لیے مسلسل کوششوں کا عکاس ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں