بچیانہ:راوی ایکسپریس کی بندش،عوامی احتجاج، بحالی کا مطالبہ

بچیانہ:راوی ایکسپریس کی بندش،عوامی احتجاج، بحالی کا مطالبہ

ٹرین نہ صرف عوام کے لیے سستی سواری تھی محکمہ کیلئے بھی منافع بخش تھی

بچیانہ (نمائندہ دنیا)لاہور، شورکوٹ براستہ بچیانہ جڑانوالہ سیکشن پر چلنے والی اکلوتی ٹرین راوی ایکسپریس (121 اپ اور 122 ڈاؤن) کو اچانک بند کر دیا گیا، جس پر عوامی حلقوں اور مسافروں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔یہ ٹرین نہ صرف عوام کے لیے سستی سواری کا ذریعہ تھی بلکہ محکمہ ریلوے کے لیے بھی منافع بخش ثابت ہو رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق صرف بچیانہ اسٹیشن سے ماہانہ لاکھوں روپے کی ٹکٹیں فروخت ہوتی تھیں، جبکہ دیگر سٹیشنز سے بھی ریلوے کو اچھی آمدن حاصل ہو رہی تھی۔

ٹرین کی بندش کے خلاف ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے سے فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے رش کے باوجود ٹرین بند کرنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ۔ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ، سرکاری ملازمین اور دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہوا ہے ، کیونکہ اس سیکشن پر سفر کے لیے کوئی متبادل سہولت موجود نہیں۔اہلیانِ علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منافع بخش روٹ پر چلنے والی اس ٹرین کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں