تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ میں ایکسرے مشین خراب
موبائل تصاویر پر انحصار کے باعث ڈاکٹروں کو علاج میں دشواری کا سامنا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایکسرے مشین خراب ہونے کے باعث پیرا میڈیکل اسٹاف نے مریضوں کو موبائل فون کے ذریعے اسکرین شاٹس لینے کی ہدایت شروع کر دی ہے ، جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے مریضوں کا کہنا ہے کہ حادثات اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کیلئے ایکسرے کی پرنٹ رپورٹ ضروری ہوتی ہے ، مگر موبائل تصاویر پر انحصار کے باعث ڈاکٹروں کو علاج میں دشواری پیش آ رہی ہے اور غلط علاج کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق سرکاری ہسپتال میں سہولت نہ ہونے کے باعث وہ نجی لیبارٹریوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں، جہاں مہنگے داموں ایکسرے کیے جا رہے ہیں، جو غریب مریضوں کی پہنچ سے باہر ہیں۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسرے مشین کی فوری مرمت یا نئی مشین فراہم کی جائے ۔