ہسپتال میں سہولیات کی کمی، مریضوں کی زندگیاں خطرے میں
تحصیل اٹھارہ ہزاری کے ہسپتال میں رات کی شفٹ میں صرف ایک میڈیکل آفیسر
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)تحصیل اٹھارہ ہزاری پنجاب بھر کی تحصیلوں میں کارکردگی کے لحاظ سے دوسرے اور ضلع جھنگ میں پانچویں نمبر پر ہونے کے باوجود تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹھارہ ہزاری میں سہولیات کی ناقص صورتحال سامنے آگئی ہے ، جس سے مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ ہسپتال میں تین گائنی کالوجسٹ موجود ہونے کے باوجود ان کی ڈیوٹیاں صرف صبح کی شفٹ تک محدود ہیں، جبکہ شام اور رات کی شفٹ میں صرف ایک میڈیکل آفیسر موجود ہوتا ہے ۔
اس صورتحال میں رات کے وقت ایمرجنسی کی صورت میں آنے والی زچگی کی مریض خواتین اور نومولود بچوں کی جان کو خطرہ لاحق رہتا ہے ۔تحصیل بھر کے دور دراز دیہی علاقوں کے عوام کے لیے یہ ہسپتال امید کے بجائے پریشانی اور مایوسی کا سبب بنتا جا رہا ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اصلاح احوال کی جائے اور ہسپتال میں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔