ٹوبہ :گرین بیلٹ نظر انداز کیے جانے پر شہریوں میں تشویش
سیر کی جگہ کوڑے کے ڈھیر ،خاردار تار ختم ہونے سے حادثات کا امکان
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تحت پارکوں کی تزئین و آرائش جاری ہے ، تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلوے انڈر پاس سے محلہ رحمت آباد اور گوجرہ روڈ کے ساتھ ریلوے لائن کے قریب واقع گرین بیلٹ کو نظر انداز کیے جانے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق ماضی میں یہ گرین بیلٹ خوبصورت اور منظم تھی، جہاں خواتین، بچے اور بزرگ سیر و تفریح کرتے تھے ، مگر اب یہ جگہ کوڑے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکی ہے ، جس سے نہ صرف بدصورتی بلکہ ماحولیاتی آلودگی بھی پھیل رہی ہے۔؎
شہریوں کا کہنا ہے کہ خاردار تار ختم ہونے کے باعث بچے کھیلتے کھیلتے ریلوے لائن تک جا پہنچتے ہیں، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ کوڑا کرکٹ جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے اور بارش کے دنوں میں نالیاں بند ہو کر پانی کھڑا ہو جاتا ہے ، جس سے مچھروں کی افزائش اور بیماریوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بیلٹ کی فوری تزئین و آرائش کی جائے اور اطراف میں دوبارہ خاردار تار نصب کی جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے ۔