پارکوں کی بحالی،کھیلوں کی سہولیات کے اقدامات تیز

 پارکوں کی بحالی،کھیلوں کی سہولیات کے اقدامات تیز

سپورٹس محکمہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبہ لایا جائے گا، اجلاس میں بریفنگ

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ڈویژنل انتظامیہ فیملیز کو پارکوں میں معیاری تفریح اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں شہر کے مختلف پارکوں کو سرسبز بنانے ، واکنگ ٹریک بہتر کرنے اور بچوں کے لیے جھولوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ، فٹبال اور فٹسال کے میدان فراہم کرنے کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈویژنل سپورٹس افسر اور ہارٹیکلچر ایجنسی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نورپور پارک (نورپور کالونی) کی تزئین و بحالی اور کھیلوں کی سہولیات کے لیے سپورٹس محکمہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبہ لایا جائے گا۔

اسی طرح کریسنٹ پارک (شیخوپورہ روڈ) میں موجود تفریحی سہولیات کو بہتر بنا کر کرکٹ اور فٹبال کے لیے میدان تیار کیا جائے گا، جبکہ قاسم پارک (پیپلز کالونی نمبر 2) میں نوجوان فٹسال کھیل سکیں گے ۔ راجہ پارک (شریف پورہ، ستیانہ روڈ) میں معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سپورٹس محکمہ کو ذمہ داری سونپی گئی۔کمشنر نے لالہ زار پارک (چن ون روڈ) کی بحالی، ہارٹیکلچر کے کام اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کا ہدف بھی مقرر کیا۔ اس کے علاوہ پیپلز کالونی نمبر 1 کے پینگا والی گراؤنڈ میں میانواکی طرز کا جنگل لگانے اور پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں