گندم کی بہتر پیداوار ، 35 لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کا ہدف
پنجاب میں گندم کی پیداوار 22.5 ملین میٹرک ٹن سے زائد ہو نے کا املان ہے :سروے ، بہاولپور ڈویژن کو کاٹن ویلی بنانے کے منصوبے کا آغاز ہو چکا :سیکرٹری زراعت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت گندم اور کپاس کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، سید حسن رضا، ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ دیگر افسر آن لائن شریک ہوئے ۔اجلاس میں گندم اور کپاس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیلڈ رپورٹس کے مطابق گندم کی صورتحال تسلی بخش ہے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب نے بتایا کہ حتمی سروے کے مطابق پنجاب میں گندم کی پیداوار 22.5 ملین میٹرک ٹن سے زائد متوقع ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موسمی حالات کے پیش نظر گندم کی کٹائی، گہائی، ذخیرہ اور ترسیل کے حوالے سے کسانوں کی بروقت رہنمائی کی جائے ۔کپاس کی کاشت کے حوالے سے بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں تقریباً 35 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی، جبکہ اگیتی کاشت آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ 31 مارچ تک اگیتی کاشت کا ہدف مکمل کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر کپاس کی قیمتوں میں بہتری کے امکانات ہیں، اس لیے کاشتکاروں کو بہتر حکمت عملی اور بروقت رہنمائی فراہم کی جائے ۔افتخار علی سہو نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن کو کاٹن ویلی بنانے کے منصوبے کا آغاز ہو چکا ہے جس پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت مختلف زرعی آلات پر سبسڈی بھی فراہم کی جا رہی ہے ، جس میں چیزل پلو، کاٹن ماڈل فارمز اور پاور سپریئر شامل ہیں۔